پاکستانی ’جے ایف 17تھنڈر‘کی انٹرنیشنل ائیر شو میں شاندار انٹری

 

ریڈم:پاک فضائیہ کے ’جے ایف 17تھنڈر‘ طیارے نے پولینڈ کے شہر ریڈم میں ہورہے انٹرنیشنل ائرشو میں شاندار فضائی کرتب دیکھا کر دھوم مچادی ۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے تیار ہونے والے ’جے ایف 17 تھنڈر‘ طیارے کے شاندار مظاہرے کے دوران ائیر مارشل ارشد ملک، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف بھی موقع پر موجود تھے ۔
انہوں نے وہاں موجود پاک فضائیہ کے زمینی اور فضائی عملے سے ملاقات کی اور اس شو میں ان کی شاندار کارکردگی کو سراہااور کہا کہ پاک فضائیہ کی اس شو میں شمولیت دنیا میں پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگرکرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایئرشومیں ’جے ایف 17 تھنڈر‘طیارے نے شاندار فلائی پاسٹ کیا،قومی پرچم کے رنگوں سے مزین فخر پاکستان ’جے ایف 17تھنڈر‘کے شاندار فضائی مظاہرے کو وہاں موجود شائقین نے بھی دل کھول کر داد دی۔
ایئرشو میں ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے مظاہرے کے دوران ناقابلِ یقین فضائی کرتب دکھائے جن میں مسل کلائمب،تھنڈر ٹرنز،سلو اسپیڈ پرفارمنس اور انورٹڈ فلائٹ شامل ہیں۔
اس انٹرنیشنل ایئرشو میں فضائی مظاہرے کے علاوہ زمین پر موجود تمام ہتھیاروں سے لیس’جے ایف 17تھنڈر‘اور سپر مشاق طیارے بھی شائقین کی توجہ کا مرکزبنے رہے۔