شاہ محمدکامعاون خصوصی کاعہدہ لینے سے انکار۔ تبدیلی کادعویٰ مسترد

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے نامزد معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد نے عہدہ لینے سے انکار کر دیا۔
شاہ محمد کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی کا عہدہ دینا ان کے ساتھ ناانصافی ہے، وہ پچھلے 5 سال بھی مشیر برائے ٹرانسپورٹ رہے۔
شاہ محمد نے کہا کہ ان کے بعد پارٹی میں شامل ہونے والے ناتجربہ کار لوگوں کو وزیر لگا دیا گیا ہے، تجربے کے باوجود انہیں دوبارہ مشیر لگا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کابینہ سے متعلق فیصلے میرٹ پر نہیں ہیں، خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل میں صوبے کے جنوبی اضلاع اور فاٹا سے زیادتی کی گئی ہے۔
شاہ محمد نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے حصے میں صرف مشیر کا عہدہ آیا ہے، حالانکہ جنوبی ضلع نے عمران خان کو وہاں سے جتوایا جہاں پی ٹی آئی کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی سے دیرینہ وابستگی کا صلہ یہ دیا گیا ہے، اگر یہ تبدیلی ہے تو ہمیں ایسی تبدیلی نہیں چاہیے، پی ٹی آئی میں امتیازی سلوک کی انتہا دیکھ رہا ہوں، اس لیے پارٹی سے ہر قسم کا عہدہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔