اسلام آباد:ایف آئی اے نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سے جعلی اکائونٹس سے متعلق پوچھ گچھ کی تیاری کرلی ہے۔
ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف قلی مرزا کی سربراہی میں ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے زرداری اور فریال تالپور کو پیر 27اگست کو طلب کر رکھا ہے ۔
ایف آئی اے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر کے 4 میں سے ایک اکاونٹ کو جعلی بینک اکائونٹس کی لین دین میں استعمال کیا گیاجس کے ثبوت بھی حاصل کرلیے گئے ہیں اور بدین کی کھوسکی شوگر ملز میں ایف آئی اے کا چھاپہ بھی ثبوت اکٹھے کرنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ منی لانڈرنگ اور جعلی اکائونٹس کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے اہم پیشرفت کی اور زرداری کے بینک اکائونٹ سے مبینہ طور پر ایک کروڑ88 لاکھ کی رقم جعلی اکاونٹ میں بھیجے جانے کا ثبوت حاصل کیا گیا ہے ۔
آصف زرداری کے کل 4 اکائونٹس ہیں جن میں سے 3 ان کے ذاتی جبکہ ایک اکائونٹ زرداری گروپ نامی کمپنی کے نام پر ہے، ایف آئی اے حکام آف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور اور دیگرمتعلقہ افرادکے اکائونٹس کا فرانزک جائزہ لے رہے ہیں اور ان اکائونٹس اور جعلی اکائونٹس کے درمیان رابطے کےثبوت اکٹھے کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف قلی مرزا کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے زرداری اور تالپور سے تفتیش سے متعلق سوالات کی فہرست تیار کرلی ہے۔
اب تک ایف آئی اے 3 بار زرداری اور تالپور کو طلب کرچکی ہےجبکہ انہوں نے عدالت سے ضمانت قبل ازگرفتاری بھی حاصل کر رکھی ہے تاہم چوتھی بار ایف آئی اے کے سامنے عدم پیشی کی صورت ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے کا خطرہ ہے ۔