اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ پی ٹی آئی کو ہوگا، اعتزاز احسن

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہصدارتی انتخاب میں اپوزیشن کے دو امیدواروں کا فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن کے دو امیدوار سامنے آنے سے تحریک انصاف کو فائدہ ہوگا، ن لیگ کے رہنما پرویز رشید سے توقع نہیں تھی کہ وہ مجھے اپوزیشن کا مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر اعتراض اٹھائیں گے، نواز شریف سے معافی مانگنے کا ان کا مطالبہ جاگیردارانہ تھا، تاہم ن لیگ کے رہنماؤں نے وضاحت کردی ہے کہ پرویز رشید کی انفرادی رائے ہے اور پارٹی موقف نہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پی پی پی کے جس اجلاس میں صدارتی امیدوار کے لیے میرا نام تجویز ہوا اس اجلاس میں شریک نہیں تھا، پارٹی رہنماؤں نے خود میرے نام پر اتفاق کیا، پارٹی اگر میرے بارے میں فیصلہ بدلے گی تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا، میں 1964 سے سیاست میں ہوں، ایوب خان سمیت آج تک کسی آمر کا ساتھ نہیں دیا، ضیاءالحق کے دور میں زیادہ عرصہ جیل میں رہا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ پی پی پی نے اعتزاز احسن جب کہ باقی اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمن کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ ادھر پی ٹی آئی کی جانب سے عارف علوی میدان میں ہیں۔