چوہدری سرور کی بطور گورنر حلف برداری صدارتی انتخاب تک موخر

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے نامزد گورنر پنجاب سینیٹر چوہدری سرور کو صدارتی انتخاب تک سینیٹ سے استعفیٰ دینے سے روک دیا۔
سینیٹر چوہدری سرور نے مستعفی ہونے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ 4 ستمبر کو صدارتی الیکشن میں عارف علوی کو ووٹ دینے کے بعد سینیٹ سے مستعفی ہوں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ صدارتی الیکشن میں پارٹی امیدوار کو کامیاب کروانا پہلی ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹر محمد سرور کو وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب نامزد کر رکھا ہے اور انہوں نے آج سینیٹ میں خطاب کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کر رکھا تھا۔
چوہدری سرور نے منگل 28 اگست کو گورنر پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھانا تھا ، تاہم ا ب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد 5 ستمبر کو گورنر پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔