اسلام آباد:ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کئے جانے کے اقدام کو سابق وزیر اعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
عدالت میں داخل کی جانے والی در خواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف،مریم نواز،محمدصفدرپہلے ہی جیل میں قیدہیں،تینوں کانام ای سی ایل میں شامل کرناانتقامی کارروائی ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ نوازشریف ،مریم نواز ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکانام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق آئین توڑنے والے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو ان کے گھر میں قید رکھا گیا، نواز شریف عادی مجرم نہیں ہیں لیکن ملک کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کو اڈیالہ جیل ڈال دیا گیا ہے، انہیں گھر منتقل کرکے اسے سب جیل قرار دیا جائے اور ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام نئی حکومت نے نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔