لاہور ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی درخواستوں پر سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) سے جواب طلب کرتے ہوئے پراسیکیوٹر نیب کو 29 اگست کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی فل بینچ نے آج مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔
مختصر سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا اور 29 اگست کو نیب پراسیکیوٹر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہےکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال قید اور جرمانے جبکہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔