لاہور: پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدرعلیم خان نے پنجاب کابینہ میں بطوروزیرحلف لینے سے پہلے اپنی کمپنیوں سے استعفی دے دیا ہے۔
استعفیٰ دیتے ہوئے علیم خان نے موقف اختیار کیا کہ اب کاروبار سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اوروہ صرف اورصرف پنجاب کی بہتری اور نئے پاکستان کے لئے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی نے اپنی 23 رکنی پنجاب کابینہ کا اعلان کیا تھا۔
علیم خان کو پنجاب کابینہ میں لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا قلمدان سونپا گیا ہے، وہ پنجاب کے سینیئر وزیر بھی ہوں گے۔
علیم خان کا شمار کروڑپتی افراد میں ہوتا ہے اورانتخابات 2018 کے دوران جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق اُن کے کُل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ، 82 لاکھ، 78 ہزار، 855 روپے ہے۔
علیم خان کی پاکستان میں 43 جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، انہوں نے اپنی ہی بنائی ہوئی کمپنی سے 69 کروڑ 97 لاکھ 4 ہزار 306 روپے بطور قرض لئے۔
علیم خان کا پاکستان میں صرف 90 ہزار روپے کا کاروبار ہے، ان کا بیرون ملک کاروبار کا سرمایہ 81 لاکھ 38 ہزار 5 روپے ہے جبکہ ان کے پاس موجود لاکھوں شیئرز کی مالیت 12 کروڑ 93 لاکھ 53 ہزار 990 روپے ہے۔