اسلام آباد:سینیٹ اجلاس میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی گئی۔
قرارداد کی منظوری کے بعد سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغربی ذہنیت کو جانتا ہوں، وہاں کی عوام کو اس بات کی سمجھ نہیں آتی، وہ آزادی اظہار کے نام پر اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عوام کی بڑی تعداد کو پتا ہی نہیں کہ ہمارے دلوں میں نبیؐ کے لیے کتنا پیار ہے،انہیں نہیں پتا کہ وہ ہمیں کس قدر تکلیف دیتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے مسلمانوں کی اجتماعی ناکامی ہیں،اس کیخلاف امت مسلمہ کو متحد کریں گے،اقوام متحدہ اور او آئی سی میں معاملے کو اٹھائیں گے، مغرب میں لوگوں کو اس معاملے کی حساسیت کا اندازہ نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ اس چیز کا بار بار ہونا مجموعی طور پر مسلمانوں کی ناکامی ہے، گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر او آئی سی کو متحرک کرنا ہوگا اور اس پر او آئی سی کو پالیسی بنانی چاہیے تھے، یہ دنیا کی ناکامی ہے لہٰذا مسلمان دنیا ایک چیز پر اکٹھی ہو پھر وہ بتائیں ہمیں کتنی تکلیف ہے۔
قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی جانبب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ نبی اکرمﷺ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، مسلمان اپنے پیغمبر ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ناقابل برداشت عمل ہے،حکومت اس مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھائے اور ہالینڈ کی حکومت سے بھرپور احتجاج کیا جائے۔