کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں انتہائی اہم پیشرفت ہوئی ہے اور تحقیقات کے دوران مزید 15 مشکوک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) حکام کے مطابق ان 15 اکاؤنٹس میں 4 بظاہر جعلی یا بےنامی اکاؤنٹس ہیں جن میں 6 ارب روپے کی رقم منتقل کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں جعلی و بے نامی اکاؤنٹس کی تعداد 33 ہوگئی اور اب تک رقم 35سے بڑھ کر 41 ارب ہوگئی ہے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ان 4 اکاؤنٹس میں 6 ارب روپے کی رقم آئی اور گئی بھی ہے جب کہ ان اکاؤنٹس میں سے کچھ اومنی گروپ کے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ان اکاؤنٹس سے زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں 9 کروڑ روپے کی ترسیل ہوئی ہے جب کہ سامنے آنے والے 11 اکاؤنٹس کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیسز کی سماعت سپریم کورٹ اور بینکنگ کورٹ کراچی میں جاری ہیں جب کہ اس کیس میں حسین لوائی، اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور عبدالغنی مجید عدالتی ریمانڈ پر جیل پر ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے اس کیس میں حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔