کراچی: متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے صدارتی انتخابات میں حمایت کے لیے مسلم لیگ فکشنل اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے فکشنل لیگ کے رہنما صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخابات میں حمایت کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فکشنل لیگ کے رہنما صدر الدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی بات گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے سامنے رکھیں گے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گنگری ہاؤس ہماری امیدوں کا گھر ہے اور اس امید کے ساتھ آئے کہ ان کی دعائیں اور تائید ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے مجھے منصب صدارت کے لیے امیدوار بنایا ہے اور یہاں سے مطمن ہو کر جا رہا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف بڑی جماعت تو ہے لیکن ان کے پاس اکثریت نہیں ہے جب کہ صدارت کے الیکشن کے مرحلے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کچھ ٹینشن پیدا ہو گئی اور مسلم لیگ نے اسی لیے میرا نام دیا کہ پیپلز پارٹی کے لئے قابل قبول ہو۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے عارضی مرکز بہادر آباد میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کی جس میں عامر خان، کنور نوید جمیل، وسیم اختر اور فیصل سبزواری بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔یا رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے مولانا فضل الرحمان نے اپنے وکیل کے ذریعے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ نامزدگی فارم جمع کرانے والوں میں پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں۔