تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے تحریک انصاف ہی کے ایم این اے عامر لیاقت کو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا چیلنج کیا ہے۔
گزشتہ روز عامر لیاقت حسین کی جانب سے گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری میں نہ بلائے جانے پر تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور پھر آج تحریک انصاف سندھ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کا واٹس ایپ گروپ بھی احتجاجاً چھوڑ دیا تھا۔
عامر لیاقت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی باتوں سے سب کو بڑا دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے عامر لیاقت کے 15 رکن اسمبلی ساتھ ہونے کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامر لیاقت پی ٹی آئی کا ایک بھی ایم این اے اپنے ساتھ ملا لے تو انہیں مان جاؤں گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے جب عامر لیاقت کے تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے پوچھا گیا تو دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے جواب دینے سے گریز کیا۔