لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومتی بیانات سے لگ رہا ہے کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھی گوگل پر ڈھونڈنے پڑیں گے۔
مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فواد چوہدری وزیر اطلاعات بنیں، پی ٹی آئی ترجمان نہ بنیں کیوں کہ بطور ترجمان جھوٹ بول کر کام چلایا جا سکتا تھا لیکن اب بات نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف سیاست سے نوکریاں اور گھر نہیں مل سکتے لہٰذا سینیٹ اور کنٹینر پر بولنے کے فرق کو سمجھیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ مریم نواز پر بیان 55 روپے کے سفر والے بیان جیسا ہے اور حکومتی بیانات سے لگ رہا ہے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھرگوگل پر ڈھونڈنے پڑیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان روزانہ دو مرتبہ بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر کے ذریعے آتے جاتے ہیں جس پر 3 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔
ایوان وزیراعظم سے بنی گالہ تک ہیلی کاپٹر کے روزمرہ استعمال پر تنقید کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پی ایم ہاؤس سے بنی گالہ ہیلی کاپٹر کا فی کلومیٹر خرچہ 50 سے 55 روپے ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کی جس میں ان سے وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر کے خرچے سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
اس کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے ہونے والا خرچہ گوگل کیا تھا لہٰذا آپ بھی گوگل کرکے دیکھ لیں پتہ چل جائے گا، عمران خان وزیر اعظم ہیں کیا وہ ٹیکسی پر بنی گالہ جائیں؟