لاہور:گستاخانہ خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کی ریلی داتا دربار لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی۔
گستاخانہ خاکوں کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی کر رہے ہیں۔
ریلی کی روانگی کے موقع پر علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے مطالبات وفاقی حکومت کو پیش کر دیے ہیں، امید ہے حکومت معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے مسئلہ حل کرے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے علامہ خادم حسین رضوی سے ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی افضلیت ہر چیز پر مقدم ہے، احتجاج سب کا حق ہے، تحریک لبیک کی ریلی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کی قیادت نے پُر امن رہنے کی یقین دہانی کروائی ہے، تحریک لبیک قابل عمل تجاویز دے اُن پر عملدرآمد کیا جائے گا۔