آئی جی سندھ کیلئے 3افسران کے نام وفاقی حکومت کو ارسال

کراچی: سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے لیے تین نام وفاق کو ارسال کردیئے۔عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کے احکامات پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کیا گیا تھا اور پنجاب کے پولیس افسر امجد جاوید سلیمی کو صوبے کی پولیس کا سربراہ مقرر کیا گیا جو اس وقت بھی آئی جی سندھ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں پولیس کے سربراہ کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے بعد صوبائی حکومت نے آئی جی سندھ کے لیے تین نام وفاق کو ارسال کردیئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی جی سندھ کے لیے کلیم امام، غلام قادر تھیبو اور عبدالمجید دستی کے نام دیئے گئے ہیں اور تینوں نام دو روز قبل ارسال کیے گئے۔
کلیم امام موجودہ آئی جی پنجاب کے عہدے پر تعینات ہیں جبکہ سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو اور عبدالمجید دستی سندھ پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہےکہ اے ڈی خواجہ کی تبدیلی کے بعد سندھ حکومت نے عبدالمجید دستی کو آئی جی سندھ تعینات کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے انہیں کام کرنے سے روک دیا تھا اور اے ڈی خواجہ کو واپس عہدے پر لگانے کا حکم دیا تھا۔