اسلام آباد:اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تو دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے باضابطہ مذاکرات کریں گے اور دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جواد ظریف وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ ان کی عسکری رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں بھی متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے بعد کسی بھی ملک کے وزیرخارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان کے وزیر مملکت خارجہ امور بھی 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے، جاپانی وزیر مملکت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔