مذاکرات جاری تھے کہ ڈچ سفیر کا پیغام آگیا : شاہ محمود قریشی

 

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا ہے ، ابھی ہمارے مذاکرات جاری تھے کہ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیا کہ گستاخانہ مقابلہ منسوخ کردیا گیا ہے ۔

 

اسلام آباد میں تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کررہا تھا کہ یہ کرشمہ ہواہے اور یہ حضور ﷺ کی رحمت ہے کہ جن کے ناموس کیلئے ہم متحدہوئے،ابھی ہمارے مذاکرات جاری تھے کہ ہالینڈ کے سفیر کا پیغام آگیاکہ وہ قائل ہوگئے ہیں اور وہ ڈچ لوگوں کی جانوں کی خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے یہ مقابلہ ترک کردیاہے،میں تحریک لبیک کے رہنماؤں سے یہی عرض کررہاتھا کہ ہم کو سفارتکار ی کا موقع دیا جائے اور اگر اس سے معاملات حل نہیں ہوتے تو ہم آپ کے ساتھ ہونگے ۔

انہو ں نے کہا کہ اس وقت یہ کرشمہ رونما ہوگیا ،اب ہمیں اس معاملے پر اپنی مربوط حکمت عملی بنانی ہوگی اور میں اس معاملے کو اقوام متحدہ میں بھی اٹھانے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا میں اب تحریک لبیک کے رہنماؤ ں سے گزارش کروں گا کہ ان کا مقصد پورا ہوگیاہے اور ان کاقافلہ پر امن طور پر منتشر ہوجائے ،ا س لئے ہم مستقبل میں بھی گاہے بگاہے ان سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے ۔