وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکنہ تعاون کریگی۔کراچی جیسے اہم شہر میں بعض بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے لہٰذا شہر کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور وسیم اختر شامل تھے جب کہ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔
ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں سیاسی امور، صدارتی انتخاب، صوبہ سندھ اور خصوصا کراچی اور حیدر آباد سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کراچی اور حیدر آباد کے مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی علیحدہ ملاقات کی جس میں سندھ کی مجموعی صورتحال اور خصوصا کراچی کی موجودہ صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے اور اہم ذمہ داری سونپے جانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی جیسے اہم شہر میں بعض مقامات پر بنیادی سہولتوں تک کا فقدان لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں کراچی کا کردار کلیدی ہے جب کہ کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکنہ تعاون کریگی۔