اسلام آباد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئر کے پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید نہیں کی جس کے باعث شاہین ایئر سے آنے والے حاجیوں کی واپسی کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔
سی اے اے کے اعلامیے کے مطابق شاہین ایئر انٹرنیشنل کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست کو ختم ہو چکا ہے، اور اس کے پاس فہرست پر کوئی طیارہ موجود نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فضائی کمپنی سی اے اے کے ایک ارب 40 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے، واجبات کی ادائیگی کےلیے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ تمام مسافر، شپرز محتاط رہیں، اپنے مفادات کے تحفظ کےلیے فضائی کمپنی کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔
سی اے اے کے مطابق حج 2018 کے سلسلے میں شاہین ایئر کے ذریعے حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچایا گیا، شاہین ایئر ان پاکستانی حجاج کی واپسی کےلیے متبادل ایئر لائنز کی پروازوں کا بندوبست کرے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سی اے اے شاہین ایئر کی جانب سے کسی بھی ناکامی کی صورت میں قطعی ذمےدار نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ترجمان شاہین ایئر کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی اے اے نے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں توسیع کرنے سےانکار کردیا ہے، لائسنس کی ہرتین ماہ بعد توسیع ہوتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لائسنس نہ ہونے پرحجاج کرام کو واپس لانے کی پروازیں منسوخ کردی گئی۔شاہین ایئر کے مطابق سی اے اے نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حجاج کو واپس لانے میں رکاوٹ نہیں ہوگی۔