صرف کراچی کا صدر نہیں بلکہ پورے ملک کا صدر ہوں گا،ڈاکٹر عارف علوی

 لاہور:پی ٹی آئی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرے اور صدر ممنون کے درمیان بڑا فرق ہے،جو عوام کو نظر آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق 4 ستمبر کو صدارتی انتخاب ہوگا جس کیلئے چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن، دیگر اپوزیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزدکیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدارتی امیدوار کیلئے نامزد ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان کا اچھا وقت شروع ہورہا ہے، اداروں کو مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، تاہم میں صرف کراچی کا صدر نہیں بلکہ پورے ملک کا صدر ہوں گا،مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے فون کرکے مجھے ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔