لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔
عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلید ہونی چاہیے، پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوانیوں کی نشاندہی کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں زمینوں پر قبضے اور تجاوزات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات میں مافیاز اور بڑے گروپس ملوث ہیں، زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کرنے والے مافیاز اور بڑے گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف فوری مہم شروع کی جائے، پنجاب میں زمینوں پرقبضے کرنےوالوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے، تجاوزات کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب کابینہ کے ارکان ٹیکس دہندگان کا پیسہ بچاتے ہوئے مثال قائم کریں، ہمیں اپنے اخراجات معقول رکھتے ہوئے انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کرنی ہے، پاکستان کا خطے میں سب سے کم ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ 100 روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے انتھک کام کریں، پنجاب کا وقتاً فوقتاً دورہ کروں گا اور سو دن کے ایجنڈے کا جائزہ لوں گا۔عمران خان نے بعد ازاں گرین پاکستان مہم کا بھی آغاز کیا اور جی او آر میں پودا لگا لگایا۔