حجاج اکرام کو واپس لانے کیلئے شاہین ایئرکو اجازت مل گئی

کراچی:نجی فضائی کمپنی شاہین ائیر کے ذریعہ حجاز مقدس جانے والے تقریباً ڈھائی ہزار حجاج اکرام کی فریاد سن لی گئی۔حکومت نے ایئرلائن کو حجاج اکرام واپس لانے کی اجازت دے دی۔
حکومت کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر لائنز کو حج پروازیں جاری رکھنے کی اجازت دے دی جو200 سے زائد حجاج اکرام کولے کرکل یعنی اتوار کی صبح3 بجے کراچی پہنچے گی۔
گزشتہ روزشاہین ایئر کی پرواز منسوخ ہونے سے 200سے زائد حجاج اکرام مدینہ ایئرپورٹ پر محصور ہوگئے تھے۔
سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائنز کو سعودی عرب سے حاجیوں کو واپس لانے کے لیے پروازوں کی اجازت دیتے ہوئے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی توثیق کردی ہے۔
سی اے اے ترجمان کے مطابق شاہین ائیر کو صرف حج پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ، اس وقت ائیرلائن صرف ایک طیارے کےذریعے فلائٹ آپریشن چلارہی ہے۔
سی اے اے نے ائیر لائن کو مزید ایک طیارہ اسٹینڈ بائی رکھنے کی ہدایت کردی، قانون کے تحت ائیرلائن کے پاس کم از کم 3 طیارے ہونا لازمی ہے ۔