پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی شرا ب کی بوتلوں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی امیر شیخ نے معاملے کی تحقیقات کے لئے ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اختر کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی ۔
اسپتال کے کمرے جسے سب جیل قرار دیا تھا وہاں سے شراب کی بوتلیں ملنے کا مقدمہ گیارہ گھنٹے بعد انتہائی کمزور مقدمہ درج کیاجا چکا ہے ، ایف آئی آر میں شرجیل میمن کو کلین چٹ مل گئی،مقدمے میں ملزم کو ہی مدعی بنادیا گیاہے، جیل اہل کار اور افسران کو بھی بچایا گیا ہے،شراب کا ملبہ شرجیل میمن کے ملازمین پرڈال دیا گیا ہے۔
درج کی جانے والی ایف آئی آر میں چیف جسٹس کے اچانک دورے کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے تاہم معاملے کو طول دینے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس ثاقب نثار، ضیاءالدین اسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے شرجیل میمن کے کمرے میں بھی گئے تھے جہاں شراب کی بوتلیں ،منشیات اور سگریٹ برآمد ہوئے تھے۔