اسلام آباد: ملک بھر میں آج ایک روزہ شجرکاری مہم چلائی جارہی ہےجس کا عنوان "پلانٹ فار پاکستان ” رکھا گیا ہےاور وزیراعظم عمران خان بھی ہری پور میں پودا لگا کر مہم کا حصہ بن گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج پورے ملک میں پلانٹ فارپاکستان شجرکاری مہم کاآغازکردیاہے،میں چاہتاہوں ہم سب اس گرین پاکستان مہم کاحصہ بنیں،انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان مہم کاحصہ بن کرہم آئندہ نسل کوآلودگی سے بچاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ملک کو بچانے کیلئے درخت لگا رہے ہیں،شجرکاری مہم کا مقصدماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے ،ہماراملک ساتویں نمبرپرہے جس کو ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے،200 پوائنٹس پر آج پودے لگائے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم نے5 سال میں پاکستان کو ہرا کر دینا ہے،جہاں بھی خالی جگہ ملے گی وہاں پودے لگائے جائیں گے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سارے پاکستان کو ہرا کر دینا ہے ،یہ کوئی حکومت کا کام نہیں یہ ساری قوم کا مسئلہ ہے،اگر درخت نہ لگائے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے ۔
حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شجر کاری مہم کا مقصد عوام، مختلف کمیونٹیز، تنظیموں، کاروباری و تجارتی افراد، سول سوسائٹی اور حکومت کو مشترکہ طور پر درختوں کو اُگانا ہے۔
A major one-day plantation campaign titled 'Plant for Pakistan' will commence from tomorrow. The purpose of the campaign is to encourage people, communities, organizations, business & industry, civil society and government to collectively plant trees.#Plant4Pakistan pic.twitter.com/V1gUnb4XiH
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 1, 2018
حکومت کے مطابق شجرکاری مہم کے تحت ملک کے تمام بڑے شہروں میں بیک وقت 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جب کہ حکومت کا 5 سال میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے۔
https://twitter.com/PTIOfficialLHR/status/1036204555871182848
شجرکاری مہم کے سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی پودا لگایا، شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی سمیت 12 محکمے شریک ہیں جب کہ مختلف تعلیمی اداروں کے بچے بھی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا بتانا تھا کہ آج بلوچستان میں 95 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور یہ مہم جاری رکھی جائے گی۔
دوسری جانب ماحولیاتی آلودگی اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے لوئر دیر میں محکمہ جنگلات، فوج، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے شجرکاری مہم کا آغاز لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ ، ترئی ، میدان اور جندول سےکیا،شجرکاری مہم کے تحت پہلے فیز میں 70 ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار یہ تعداد بڑھائی جائے گی۔
کمانڈنٹ دیر ٹاسک فورس کرنل شہزاد امیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ارشاد خان نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، پولیس بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم دکھائی دی۔
ڈی پی او عارف شہباز نے لوگوں میں پودے تقسیم کیے جب کہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبا بھی اس مہم کی کامیابی کےلیے پُرعزم ہیں۔