اوکاڑہ:پاکستان پیپلزپارٹی کےسینئر رہنمااور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کےاسپتال کے دورے سے متعلق بات کرتےہوئے کہاکہ کراچی کے نجی اسپتال میں چھاپہ مارنے سےقبل چیف جسٹس کو اپنا عہدہ دیکھنا چاہیے تھا۔
اوکاڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج گرفتار شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی شراب کی بوتلوں کے معاملے پر کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو کراچی کے نجی اسپتال میں چھاپہ مارنے سے پہلے اپنا اسٹیٹس دیکھنا چاہیے تھا کیونکہ یہ کام تو کوئی جج یا مجسٹریٹ بھی کر سکتا تھا۔
خورشید شاہ نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ نظام تبدیلی پر اربوں خرچ ہوں گے جو عمران خان کی بچت کی باتوں کی نفی ہے، یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے سے غریب کے ساتھ زیادتی ہوگی، بے نظیر اِنکم سپورٹ کو عمران خان چاہتے ہوئے بھی ختم نہیں کر سکتے۔
صدارتی الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق قائد حزب اختلاف نے کہاکہ اعتزاز احسن کے حوالے سے آخری رات تک کوشش کریں گے جب کہ ضمنی الیکشن میں تمام حلقوں پر مشاورت سے امیدوار لائیں گے۔