سندھ پولیس کی 8 سے 10 محرم تک موبائل فون، انٹرنیٹ بند رکھنے کی سفارش

کراچی: سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے، 8 سے 10 محرم تک موبائل فون او ر انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
محرم الحر ام میں سیکیورٹی خدشات پر سندھ حکومت نے وفاق سے رابطہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے کو خطوط ارسال کر دئیے ہیں۔ وفاقی حکومت کو تحریر کیے گئے خط کے مطابق سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کیلئے 2 ہیلی کاپٹر مانگے ہیں، جب کہ 8 سے 10 محرم تک صوبے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش سیکیورٹی خدشات کے باعث کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے تحریر کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس صبح 7سے رات 12 بجے تک بند کی جائے۔ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش رینجرز اور پولیس کی طرف سے کی گئی ہے۔