وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کی روک تھام کے لیے قوانین میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم کی زیر صدارت اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کی روک تھام سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین اور نعیم الحق سمیت گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹریز برائے خزانہ و داخلہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری کامرس اور ایف بی آر حکام کی جانب سے اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کو رقوم کی غیرقانونی ترسیلات سے قومی معیشت کو ہونے والے نقصانات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کی روک تھام کے لیے قوانین میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔
موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم کے لیے اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی کسٹم، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایف آئی اے کے نمائندوں پر مشتمل ہو گی۔
کمیٹی آئندہ ایک ہفتے میں اپنی سفارشات وزیرِاعظم کو پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو انتظامی اقدامات سے متعلق مربوط لائحہ عمل کی سفارشات ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔