اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات جاری ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخابات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ملاقات میں فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود، عبدالغفور حیدری اور سینیٹر فیض محمد جب کہ پی پی پی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن، خورشید شاہ، راجہ پرویزاشرف، قمرزمان کائرہ اور شیری رحمان بھی موجود ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام حکومت گرانا اور اپنی حکومت بنانے کی کوشش کرنا ہوتا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے عبدالغفور حیدری کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا اصل کام یہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا استحقاق ہی نہیں بلکہ یہ اپوزیشن کی جاب ہے۔
کل ہونے والے صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے عارف علوی، پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان امیدوار ہیں۔