ملک کے13ویں صدر کےلئےانتخابی معرکہ آج ہو گا

 

اسلام آباد:پاکستان کے 13ویں صدر اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے انتخاب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ ہاوس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ سٹیشن قائم کردیے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی انتخاب کی پولنگ کے لئے بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان متعلقہ اسمبلیوں میں پہنچا دیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے 3امیدوار میدان میں ہیں ، بیلٹ پیپر پر پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کا نام پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی دوسرے اور 5 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کا نام تیسرے نمبر پر ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا ریٹرنگ آفیسرمقرر کیے گئےہیں جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینیٹ و قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داری سرانجام دینگے ،پولنگ کا عمل مکمل ہونے پر پریذائڈنگ افسران پول ووٹ کی تفصیلات کا اعلان کریں گے اور حتمی نتیجے کا اعلان چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کریں گے۔ جیتنے والے امیدوار سے چیف جسٹس ثاقب نثار حلف لیں گے ۔ واضح رہے کہ آئین کے مطابق صدر پاکستان کی مسلح افواج کا سپریم کمانڈر بھی ہوتاہے ۔