تحریک انصاف زرداری کوبخشنے والی نہیں :عابد شیر علی

 

لاہور :مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اگر سوچتے ہیں کہ بچ جائیں گے تویہ غلط ہے ، تحریک انصا ف ان کو نہیں چھوڑے گی ۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کےا لائنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم کا امیدوار مسلم لیگ ن دیگی ۔ ہم نے خورشید شاہ کو ووٹ دیا لیکن جب وزیر اعظم کے الیکشن کا وقت آیا تو پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم کو شہبازشریف پر اعتراض ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن میں کوئی فیصلہ کرنے کے بعد سولو فلائٹ نہیں لی جاسکتی ۔ ہم وزیر اعظم کے الیکشن میں تحریک انصاف کو شکست دے سکتے تھے لیکن آصف زرداری کے اپنے مسائل ہیں، ان پر ایف آئی اے کیسز ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر آصف زرداری نے اعتزاز احسن کے نام کا اعلان کرنا تھا تو مشترکہ اپوزیشن کا اجلاس بلا کر بتا دیتے ۔ پیپلز پارٹی کے قائدین کی متعدد مجبوریاں ہیں ، جب بھی کوئی الیکشن ہوتاہے آصف زرداری پر کوئی نہ کوئی کیس لگا دیا جاتا ہے جس سے معاملہ بگڑ جاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی بھی جیل میں بیٹھے ہیں اس لئے آصف زرداری کو بھی دلیری سے مقابلہ کرنا چاہئے ۔ اگروہ سوچتے ہیں کہ بچ جائیں گے تو یہ غلط ہے،تحریک انصاف انہیں نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آصف زرداری بزدل بنیں گے تو معاملات اور بھی خراب ہونگے ۔