اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی ملک کے تیرہویں صدرمنتخب ہوگئے۔
1121 ووٹرز نے تمام اسمبلیوں میں ووٹ کاسٹ کیے،
ووٹنگ کا وقت ختم ہونے تک پنجاب اسمبلی میں 354 میں سے 351 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا جب کہ سندھ اسمبلی میں 163 میں سے 158 ووٹ کاسٹ ہوئے، اسی طرح بلوچستان اسمبلی میں 61 میں سے 60 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے اور ریک رکن نواب ثناء اللہ زہری نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 112 میں سے 111 ارکان نے ووٹ ڈالے،آزاد رکن اسمبلی امجد آفریدی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
پارلیمنٹ میں پولنگ کے دوران 432 میں سے 424 ووٹ کاسٹ ہوئے اور 6 ووٹ مسترد اور دو ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا، عارف علوی نے 212، مولانا فضل الرحمان نے 131 اور اعتزاز احسن نے 81 ووٹ حاصل کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوارعارف علوی کو 45 ووٹ پڑے ،اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کو 15 ووٹ پڑے جبکہ پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔
اس طرح سندھ اسمبلی کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن 100 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ڈاکٹر علوی علوی نے 56ووٹ حاصل کئے اور اپوزیشن جماعتوں کے مولانا فضل الرحمان کو صرف ایک ووٹ پڑاجبکہ دو ووٹ ضائع ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں عارف علوی نے 78، مولانا فضل الرحمان نے 26 اور اعتزاز احسن نے 5 ووٹ حاصل کیے، صدارتی انتخاب کے فارمولہ کے تحت پی ٹی آئی امیدوار عارف علوی کو 41، مولانا فضل الرحمان کو 13 اور اعتزاز احسن کو 2 ووٹ ملے۔
قومی اسمبلی و سینیٹ میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی سربراہی میں پولنگ کا عمل شروع ہوااور اراکین نے اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کیے
خیبرپختونخوا اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں پولنگ کا آغاز ہوا جب کہ بلوچستان اسمبلی میں بھی چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کی نگرانی میں ووٹنگ کا عمل جاری ہوا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرنگ آفیسر ہیں جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینیٹ و قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داری سر انجام دے رہے ہیں۔
صدارتی انتخاب کے لیے تین امیدوار میدان میں ہیں اور بیلٹ پیپر پر پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کا نام پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی دوسرے اور 5 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کا نام تیسرے نمبر پر درج ہے۔
پولنگ کا عمل مکمل ہونے پر پریذائڈنگ افسران پول ووٹ کی تفصیلات کا اعلان کریں گے اور حتمی نتیجے کا اعلان چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خود کریں گے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہے اور نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی 9 ستمبر کو اپنے عہدےکا حلف اٹھائیں گے۔