لاہور:تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں ایسا اسٹینڈ لیں گے کہ پاکستان کی 65سالہ تاریخ میں کسی پاکستانی حکمران نے نہیں لیا ہوگا ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ گنڈا پور شہد سے زیادہ اہم کرپشن ہے اور یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اہم حکومتی عہدے پر رہنے والوں کے فلیٹس لندن میں نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ ہم نے جو بھی قانون سازی کرنی ہے اس میں ہمارا مفاد کوئی نہیں ہے ۔
ہم نے عوامی مفاد کے لئے بل لاناہے اور یہ بات ہم میڈیا میں لائیں گے اور اگر اپو زیشن ان کی مخالفت کرے گی تو یہ خود بخود عوام کے سامنے بے نقاب ہوتے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان جوا سٹینڈ لیں گے وہ پاکستان کی 65سالہ تاریخ میں کسی سربراہ حکومت نے نہیں لیا ہوگا ۔