اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخاب کا سرکاری اور حتمی نتیجہ جاری کردیا ہے.
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے نتیجے کے مطابق صدارتی انتخاب میں ایک ہزار 110 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا، ایک ہزار 82 ووٹ درست جب کہ 28 مسترد کئے گئے۔
سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر مملکت منتخب ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان 184 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن 124 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ آئین کے تحت موجودہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ جس کے بعد منتخب صدر عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔