اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بیرون ملک سے رقوم واپس لانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باہر سے پیسے لانے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا ہے، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ صوابدیدی فنڈز ختم کرنے سے 80 ارب روپے واپس آگئے ہیں۔ لیپ ٹاپ جیسی اسکیمیں ختم کرنے سے پیسہ وزارت خزانہ میں واپس آیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔