کراچی:تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کےلئے سندھ اسمبلی میں درخواست جمع کرادی، درخواست میں فردوس شمیم نقوی کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا کہا گیا ہے۔
تحریک انصاف سندھ نے اپوزیشن لیڈر کےلیے سندھ اسمبلی میں درخواست جمع کرادی، درخواست پر متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کے60 اراکین کے دستخط ہیں تاہم درخواست پر ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار کے دستخط موجود نہیں ۔
فردوس شمیم نقوی نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگومیں کہاکہ وہ اور ان کی ٹیم مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اوروہ تنقید برائے اصلاح کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ باقی صوبائی حکومتیں جو کردار ادا کریں گی، امید ہے سندھ اسمبلی بھی وہی کردار ادا کرے گی، کرپشن کا خاتمہ گڈ گورننس اور عوام کی خدمت ہوگی۔
انہوں نےکہاکہ کراچی وسائل زیادہ دیتا ہے لیکن اس کے مسائل زیادہ ہیں،چاہتے ہیں جو بھی بنیادی سہولتیں ہیں وہ شہر قائد کے لوگوں کو میسر ہوں۔