اسلام آباد: ملک بھر میں 53 واں یوم دفاع و شہدا انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ،
یوم دفاع و شہدا کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا،
یوم دفاع و شہداء کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یومِ دفاع کے سلسلے میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کےکیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم صابر تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی، مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانہ کی۔
لاہورمیں یوم دفاع کے حوالے سے فورٹریس اسٹیڈیم میں پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تھے جب کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی تقریب میں شرکت کی جہاں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ نے بچوں کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پڑھا۔
فورٹریس اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اسٹیدیم میں شہدا کے ورثا کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے صبح لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی بھی دی۔ میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔
کراچی کے مسرور ائیربیس پر یومِ دفاع و شہدا کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا جس میں میراج، ایف 16 اور جے ایف 18 تھنڈر نے حصہ لیا جب کہ تقریب میں شہداءکے اہل خانہ اور عمائدین نے شرکت کی۔
آج کے دن کی مناسبت سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ قوم اپنے شہداء کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرے گی اور ان کی قربانیاں اجاگر کی جائیں گی، شہیدوں کے ساتھ ساتھ اُن غازیوں کو بھی سلام پیش کیا جارہاہے جو قوم کے خواب پورے کرتے ہوئے خود ادھورے ہوگئے۔
اس کے علاوہ کراچی کے علاقے ملیر چھاؤنی میں بھی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران پاک فوج کےچاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیرِ استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل کی ملیر گیریژن آمد ہوئی جہاں انہوں نے کور کمانڈر کراچی کے ہمراہ یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایڈمرل کلیم شوکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے، جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سےکئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔
یومِ دفاع کے سلسلے میں افواجِ پاکستان کئی شہروں میں ہتھیاروں کی نمائش کرے گی جب کہ ریلوے اسٹیشنز اور ایئرپورٹس سمیت نمایاں مقامات پرشہداء کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یوم دفاع صرف 6 ستمبرتک محدود نہیں بلکہ اس کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے، ’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاںحاصل کی ہیں، وطن کا دفاع کرنےوالے غازیوں اورشہداء کوسلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔