راولپنڈی : جی ایچ کیو روالپنڈی میں یوم دفاع و شہدا پاکستان کی مرکزی تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی ۔
تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر خزانہ اسد عمراور وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ،وزیر ریلوے شیخ رشید ، سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
جبکہ سابق کپتان شاہد خان آفریدی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کوئی ادارہ بھی قوم سے مقدم نہیں ،جمہوریت اداروں کی مضبوطی کے بغیر نہیں پنپ سکتی ،اس راہ پر ہم دس سال پہلے گامزن ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے ستر ہزار جوان شہید اور زخمی ہوئے اور اس کے علاوہ قومی خزانے کو بھی نقصان ہوا ،ہم ان قربانیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ہم یوم دفاع کے ساتھ یوم شہدا بھی مناتے ہیں کیونکہ جو قومیں اپنے شہدا کو بھولتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر ہمار ے جوانوں کا جو خون بہا اس کا حساب لیں گے ۔آرمی چیف نے کہا کہ کام ابھی ختم نہیں ہوا ،جنگ ابھی بھی جاری ہے ،ملک کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانا ہے اور اس مقام تک پہچانا ہے جہاں دشمن میلی نظر سے نہ دیکھ سکے ۔