پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈے کا بیانیہ بھارت سے آتاہے :دفاعی تجزیہ کار

 

لاہور :دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہاہے کہ پاکستان میں فوج کے خلاف کئے جانیوالے پرو پیگنڈے کا بیانیہ بھارت سے شر وع ہوتاہے ، نواز شریف کے دل کوجوزخم مشرف کے ہاتھوں لگا ، وہ اس سے باہر نہیں آسکے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا بیانیہ سب سے پہلے بھارت سے شروع ہوا کہ سول حکومت ہندوستان سے معاملات طے کرنا چاہتی ہے لیکن اس میں فوج رکاوٹ ہے ۔ اس بیانیے کو کچھ عناصر نے پاکستان میں بھی پھیلانا شروع کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کوشرم آنی چاہئے۔ یہ لوگ یہ پروپیگنڈا بھی کرتے ہیں کہ فوج بجٹ کا بیشتر حصہ کھا جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ میں رضا ربانی نے فوج کے بجٹ بڑھنے کے بارے میں سوال کیا لیکن یہ نہیں پوچھا کہ گردشی قرضہ کیوں بڑھا، یہ نہیں پوچھا کہ بر آمدات میں کیوں کمی ہوئی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کاخیال ہے کہ اگر پاکستان کی فوج کو دبا کر رکھاجائے تو پھر لوٹ مار کے میدان کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے جوبات کی ہے اس سے خوشی ہوئی ہے ۔ جب عمران خان اور طاہر القادری نے دھرنا دیا تو ان کا کہناتھا کہ اس کے پیچھے خفیہ ہاتھ ہے ۔لیکن جو ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ لوگ مار دیئے کیا ان کے پیچھے بھی خفیہ ہاتھ تھا؟ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اس زخم سے جو آرمی چیف مشرف کے ہاتھوں سے لگے اس سے باہر نہیں آسکے ۔ وہ سینگ پھنسائے بغیر رہ نہیں سکتے ۔ وہ بغض ر کھتے ہیں چاہئے ملک وقوم کاکتنا ہی نقصان ہوجائے ان کا بغض جاری رہتاہے ۔ ان کا ایک مسئلہ یہ ہے کہ نواز شریف خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں جو غلط بات ہے ۔