اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر فرحان ورک نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے قادیانی عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان کا نام وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کونسل میں ڈالا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں قادیانی معیشت دان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ معیشت دان عاطف میاں کے اقتصادی کونسل میں شامل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا ہے جبکہ تحریک لبیکبھی اس حوالے سے احتجاج کی کال بھی دے چکی ہے ۔ اس سے پہلے کہ احتجاج سڑکوں پر پہنچے، حکومت نے عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈاکٹر فرحان ورک نے ٹوئٹر پرپیغام میں کہا ہے کہ عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹایا جارہا ہے ۔ انتہائی اہم ذرائع سے معلوم ہواہے کہ خان صاحب کے نوٹس میں آج عاطف میاں کا معاملہ لایا گیا اور خان صاحب نے اسے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن حتمی فیصلہ اب اسد عمر وزیر خزانہ کے ہاتھ میں ہے کیونکہ عاطف میاں کا نام انہوں نے ڈالا تھا۔ انشااللہ امید ہے اسد عمر بھی عاطف میاں کا نام آج ہٹا دیں گے۔ خان صاحب کے بھی احکامات جاری ہونے والے ہیں، آج ہی یہ مسلہ حل ہوجائے گا۔