اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف نے اکبربگٹی کیس میں جمع کرائے گئے 20 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور عدالتِ عظمیٰ میں درخواست بھی دائر کی ہے۔
سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی جانب سے دائر زرضمانت کی واپسی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے اس پر بینچ بھی تشکیل دے دیا۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 12 ستمبر کو پرویز مشرف کی زرضمانت واپسی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو اکبر بگٹی قتل کیس سے بری کیا جاچکا ہے اس لیے زرضمانت کی رقم واپس کی جائے۔
یاد رہے کہ اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف نے 10،10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرائے تھے اور عدالت نے 20 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی۔
جنوری 2016 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو بری کردیا تھا۔