راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ یوم دفاع پر ملک بھر میں ایمان، اتحاد اور تنظیم کا مظاہرہ کیا گیا اور یہی جذبہ ہمیں منزل مقصود تک لے جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باوجوہ نے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقدہ یومِ دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت پر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہدا اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ پورے ملک میں ایمان، اتحاد اور تنظیم کا مظاہرہ کیا گیا اور یہی جذبہ ہمیں اپنی منزل مقصود تک لے جائے گا۔
یاد رہے کہ یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز پاک فوج کے ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ہوا تھا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔
تقریب میں شہدا کے لواحقین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔