اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہےاور ہمیں اپنے ہی وسائل سے ڈیم بنانے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی پاکستانی رہتے ہیں اس ڈیم میں فنڈز دینا شروع کردیں، جبکہ عمران خان نے یورپ اور امریکا میں رہنے والے پاکستانیوں سے ڈیم بنانے کے لیے کم از کم ایک ہزار ڈالر بھیجنے کی اپیل کردی۔
وزیراعظم نے نے کہاکہ آج پاکستان کا سب سے بڑا پانی کا مسئلہ ہے، جب پاکستان آزاد ہوا تو ہر پاکستانی کے حصے میں 5 ہزار 600 کیوبک میٹر پانی آتا تھا آج ایک پاکستانی کے حصے میں صرف ایک ہزار کیوبک میٹر پانی رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان 190 کیلئے پانی جمع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ مصر ایک ہزار دن کیلئے اور پوری دنیا کے مطابق پانی ذخیرہ کرنے کی محفوظ مقدار 120 دن سمجھی جاتی ہے مگر ہمارے پاس صرف 30 دن کا پانی ہے اس لئے ڈیم بنانا ناگزیر ہیں اور اب اگر ڈیم بنانے شروع نہ کئے تو آنے والی نسلوں کیلئے ایسے مسائل کا پہاڑ چھوڑ کر جا رہے ہیں جس پر ابھی بات نہیں کرنا چاہتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 80 سے 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں، اگر سب ایک ہزار ڈالر بھیج دیں تو ہمارے پاس دو ڈیمز بنانے کے پیسے ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات میں مقیم محنت کش پاکستانی اپنی بساط کےمطابق ڈیم فنڈ میں رقم جمع کروائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان کے دیے گئے پیسوں کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار کو آبی ذخائر کے لیے فنڈز جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے وہ کام کیا ہے جو کہ سیاسی رہنماؤں کا تھا۔
انہوں نے چیف جسٹس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس اور وزیراعظم فنڈز کو ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔