اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں نامزدگی واپس لینے کے فیصلے کے بعد عاطف میاں نے استعفیٰ دے دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ حکومت علما اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہےاس لیے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
فواد چوہدری نے کہاکہ اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں اس لیے یہ فیصلہ کیا گیاہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ریاست مدینہ عمران خان کی آئیڈیل ہے ، وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسولﷺ ہیں، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔
بعد ازاں تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی عاطف میاں سے متعلق سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور کہا کہ عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفیٰ ہونے کا کہا گیا جس پر وہ رضا مند ہوگئے ہیں۔
جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور لکھا کہ وہ پاکستان سے بے پناہ محب کرتے ہیں اور ہمیشہ اس کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔عاطف میاں نے لکھا کہ ان کی دعا ہے کہ اقتصادی مشاورتی کونسل اپنے مینڈیٹ کے مطابق بھرپور کام کرے تاکہ پاکستانی قوم آگے بڑھ سکے۔