بیجنگ:چین میں ایک شخص کے کان میں مکڑی نے جالا بن دیا، 60سالہ چینی شخص کو کان میں درد کی شکایت اور سرسراہٹ سنائی دیتی تھی،مکڑی کو باہر نکالنے پر سماعت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے شہر ڈالیان میں ڈاکٹر سوئے شولِن نے مریض کے بائیں کان کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ اندر نہ صرف ایک چھوٹی مکڑی موجود ہے بلکہ اس نے اوپر کی جانب جالا بھی بنا دیا ہے۔
60 سالہ مریض نے شکایت کی تھی کہ اس کے کان میں سرسراہٹ اور ڈھول کی طرح کی آوازیں محسوس ہوتی ہیں۔ڈاکٹر کو شبہ تھا کہ شاید مریض کے کان میں کوئی چھوٹا کیڑا موجود ہے لیکن اس کے گمان میں بھی نہ تھا کہ بہت عرصے سے مکڑی اندر بیٹھی ہے اور یہاں تک کہ اس نے کان کے اندر جالے بھی بنادیئے ہیں۔ڈاکٹرنے کان کا بغور معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ مکڑی کا جالا 5 سینٹی میٹر تک کی گہرائی میں موجود ہے۔ جالا اتنا زیادہ ہے کہ اس پر صبح کی دھند کا گمان ہورہا ہے۔
جیسے ہی ڈاکٹر نے اینڈو سکوپ کومزید کان کے اندر اتارا تو انہیں ایک چھوٹی مکڑی بھی دکھائی دی جسے ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر سوئے شولِن نے بتایا کہ وہ مریضوں کے کان سے اڑنے والے کیڑے اور حتی کہ لال بیگ بھی نکال چکے ہیں لیکن جالے سمیت مکڑی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ ان تمام باتوں کے باوجود مریض کی سماعت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔