اسلام آباد : چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ون آن ون ملاقات کی، ملاقات میں چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے عزم کا اظہار کیا جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی دیگر اہم چینی حکام کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی جبکہ وانگ ای نے چینی وفد کی قیادت کی۔مذاکرات میں خطے کی صورتحال، سی پیک، دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و ثقافتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ سی پیک پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کو چین میں ہونے والی درآمدی اشیا کی بین الاقوامی نمائش میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔
ون آن ون ملاقات اور وفودکی سطح پر مذاکرات کے بعد پاک چین وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو عالمی طور پذیرائی حاصل ہے، پاکستان چین کے ساتھ مل کر عالمی فورمز پر کام کرتا رہے گا، مذاکرات میں دوطرفہ معاملات،غربت کے خاتمے اور روزگار میں اضافے پر بات ہوئی چینی وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورےکی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چین کے صدر اور وزیراعظم کو پاکستان دورے کی دعوت دی ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان چین کا قابل اعتماد دیرینہ دوست ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں جسے چین نے سراہا ہے، چین نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہے، پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مستقبل کی بڑی منڈی اور ابھرتی ہوئی معیشت ہے، چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو بہت اہمیت دیتاہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں توانائی کے بنیادی منصوبے لگے، پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کے دورے کا مقصد نئی حکومت سے رابطے بڑھانا ہے، شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی، پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے، چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم اور صحت کو بہتر بنانا ہے، دونوں ملکوں کے تعاون سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
واضح رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ان کے ہمراہ وفد میں 3 دیگر وزرا اور اعلی ترین حکام بھی شامل ہیں۔