لاہور : لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایم ایم عالم روڈ پر پلازا میں آگ لگ گئی آگ لگنےسے متعدد افراد عمارت میں پھنس گئے جبکہ جان بچانے کیلئے دو افراد نے چھلانگ لگادی جس میں سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایم ایم عالم روڈ پر پلازا میں آگ لگنے سے کئی افراد عمارت کے اندر پھنس گئے تھے تاہم اس موقع پرجان بچانے کے لیے دو افراد نے رسی کے ذریعے عمارت سے باہر نکلنے کے لیے چھلانگ لگائی اور نیچے آگرے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ایم ایس سروسز اسپتال کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت عمران ولد اکرام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ پہلے بیسمنٹ میں لگی جس کے بعد اس نے عمارت کے دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔دھویں کی وجہ سے ریسکیو کے عمل میں دشواری کا سامنا ہے۔شاپنگ سینٹر پلازہ کی اوپری منزل میں پھنسے ہوئے لوگوں کونکالنے کیلئے سنارکل بھی موقع پر پہنچ چکی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ پلازے میں پھنسے دیگر تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا جائے ۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجو ہات معلوم نہیں ہوسکیں ۔ آتشزدگی کانشانہ بننے والا پلازہ لاہور کا ایک بڑا پلازہ ہے جس میں شاپنگ مال ، دفاتر اور مختلف بینکوں کی شاخیں قائم ہیں۔
اس عمارت میں دکانیں، شو روم، دفاتر اور رہائشی یونٹس بھی موجود ہیں، عمارت کی آٹھویں منزل پر فائر ایگزٹ موجود تھا جہاں سے متعدد افراد بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ پلازا کی بیسمنٹ میں لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ کی 7 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، متصل عمارت سے ریسکیو اہلکار آگ سے متاثر پلازہ میں داخل ہوئے۔
آگ سے متاثر پلازا کی 8 ویں منزل پر ایمرجنسی راستے سے بھی لوگ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
موقع پر پہنچنے والے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پلازہ سے جان بچانے کیلئے کودنے والے 2 افراد کو اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید بتایا کہ عمارت سے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیاگیا ہے۔ریسکیو سروس کے مطابق عمارت میں سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور اب عمارت میں کوئی نہیں ہے۔