خطےمیں امن کیلئےدنیاکوپاکستان کی کاوشوں کااعتراف کرناچاہیے،چینی وزیرخارجہ

راولپنڈی : چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہاکہ دنیا کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

پاک فوج کی شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وفد کی صورت میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، اس موقع پرچین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہاکہ دنیا کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے سی پیک منصوبے کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین مکمل خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔

اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وزیر خارجہ کے دورے اور پاکستان کی مسلسل حمایت پر اپنے دوست ملک کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بین الاقوامی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم امن اور استحکام کے ذریعے اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔