اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کا دورہ کریں گے جس کیلئے انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی دعوت قبول کرلی ہے،جہاں وزیراعظم کو سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو دورہ کراچی کی دعوت دی اوروزیراعظم عمران خان نے 16 ستمبر کو دورہ کراچی کی دعوت قبول کرلی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ وزیر اعظم کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق بھاشا ڈیم فنڈ ریزنگ پروگرام بھی گورنرہاؤس کراچی میں ہوگا اور فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد کرنے کی ذمہ داری گورنر سندھ کو دی گئی ہے۔