اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن سے متعلق الزامات پر اپوزیشن کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا انتقامی کارروائیوں سے متعلق الزام حیران کن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہی جیل گئے۔
الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آج تک نہیں بتا سکی کہ دھاندلی کہاں ہوئی، اپوزیشن کو یہ بھی نہیں پتا کہ کہاں سے پولنگ ایجنٹس کو نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں لیکن اپوزیشن صرف سیاست کرنے کے لیے الزامات لگا رہی ہے۔
گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گیس، بجلی اور کھاد کے شعبوں کا بیڑا غرق کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گردشی قرضوں سے متعلق معاملہ حل کرنے جا رہی ہے۔ حکومت نے گیس، بجلی اور کھاد کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، ہم ملکی کشتی کو ساحل پر لانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے جو وعدے کیے گئے ہیں پورے کریں گے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کو مزید مؤثر اور شفاف بنائیں گے۔
ڈیم کے لیے چندہ مانگنے پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان چندہ مانگتے ہیں تو عوام کو یقین ہےکہ وہ صحیح جگہ استعمال ہو گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمار اخیال تھا کہ اپوزیشن تنقید کی بجائے ڈیم فنڈز میں رقم دے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان ڈیمز فنڈ میں کم از کم ایک، ایک ہزار ڈالرز دیں، یقین دلاتے ہیں کہ ان کا پیسہ ڈیموں کی تعمیر پر ہی خرچ ہو گا۔