ڈیم فنڈز کو خیرات کہنا اوور سیز پاکستانیوں کی توہین ہے :شبلی فراز

 

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ بھاشاڈیم کی تعمیر کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کے حصہ ڈالنے کو خیرات کہنا ان کی توہین ہے ، پاکستان میں پہلی بار ایسا لیڈر آیاہے جس پر لوگ اعتماد کرتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہاہے کہ پہلی بار پاکستان میں ایسا لیڈر آیاہے جس پر لوگ اعتماد کرتے ہیں۔ بات خیرات کی نہیں بلکہ بات یہ ہے کہ لوگ عمران خان پر بھروسہ کرتے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔

وزیر اعظم کا ڈیم فنڈ ایک پیش قدمی ہے اس کے بہت مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے پوچھا جائے کہ قرض ا تارواور ملک اتارو کیلئے جمع کیا گیا پیسہ کہاں گیا ؟شبلی فراز کا کہناہے کہ قوم عمران خان پر بھروسہ کرنے کیلئے تیارہے ۔ شاہد خاقان عباسی کے تربیلا پر تختی لگانے کے منصوبے سے 25ارب سے زائد کی ٹربائینز خراب ہوگئی ہیں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے پیسے لانا ہمار ہدف ہے ۔ یہ آسان چیز نہیں ہے لیکن یہ ہماری کوشش ہے کہ ہم نے اس طرف کوجانا ہے اور یہ ہدف حاصل کرنا ہے ۔